عراق: الانبار میں داعش کے ایک سرغنہ اور اس کے نو ساتھیوں کی ہلاکت
عراق کی مسلح افواج کی مشترکہ کمان نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج نے عوامی رضاکاروں کے تعاون سے صوبے الانبار کے مغربی علاقے میں ایک کارروائی کرکے داعش دہشت گرد گروہ کے سرغنہ ابوقتادہ اور اس کے نو ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔
عراقی فوج نے فلوجہ میں بھی اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے داعش دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ اور وہاں موجود ستتّر دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی میں دہشت گردوں کی کئی گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
ادھر الثرثار کے علاقے میں پچّیس داعش دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ آلبوسودہ میں آٹھ اور تل المعامیر میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
دوسری جانب عراق کی سیکورٹی فورسز نے صوبے دیالہ کے مشرقی علاقے میں ایک کارروائی کرکے داعش دہشت گرد گروہ کے بھاری مقدار میں اسلحے ضبط کر لئے۔ یہ ہتھیار امریکی ساخت کے ہیں جو داعش دہشت گردوں سے برآمد کئے گئے۔