مقبوضہ فلسطین

صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں متعدد فلسطینی نوجوان زخمی

غاصب صیہونی فوجیوں نے اتوار کی رات جنوب مشرقی بیت لحم میں واقع تقوع شہر پر حملہ کیا جس کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔

فلسطینی نوجوانوں نے صیہونی فوجیوں کے حملے کا مقابلہ کرنے کے لئے ان پر پتھروں اور آگ لگنے کا باعث بننے والی بوتلوں کے ساتھ پتھراؤ کیا۔ مقامی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر جنگ میں استعمال کی جانے والی اور پلاسٹک کی گولیاں برسائیں۔ جنگی گولیوں سے سات اور پلاسٹک کی گولیوں سے پانچ فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔

اس کے علاوہ صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے میں واقع سلفیت شہر کے مغربی علاقے پر حملہ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو زخمی کر دیا۔ فلسطین کے ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اتوار کی رات سنہ انیس سو اڑتالیس کی مقبوضہ سرزمین میں داخل ہونے کی کوشش کرنے کے بہانے ایک فلسطینی نوجوان کو سلفیت شہر کے مغرب میں واقع الزاویہ دیہات کی کفر قاسم چیک پوسٹ کے قریب متعدد گولیاں مار کر زخمی کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button