پاکستان

۱۲ ربیع الاول کے دن کا آغاز،پاکستان یا رسول اللہ کے نعروں سے گونج اُٹھا،تکفیری پریشان

شیعیت نیوزـ :  ملک بھر میں یوم ولادت رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) آج انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے جبکہ ملک بھر میں جلوسوں کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں.

مختلف شہروں میں اس حوالے سے ریلیاں اور جلوس نکالے جارہے ہیں اور مساجد، گھروں، گلی محلوں، اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے،جیسے دیکھ کر تکفیری اور میلاد منانے کے مخالف گروہ گھروں میں چھپ گئے ہیں، کیونکہ ہر طرف یا رسول اللہ کی صدائین بلند ہیں۔

حضورؐ کی ولادت کے حوالے سے نعت خوانی، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف، ختم درود پاک کی محافل اور سیرت مصطفیٰؐ کانفرنسز کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر نذر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں بارگاہ رسالتؐ میں درود و سلام کا ہدیہ پیش کیا گیا اور ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد سمیت ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہروں سے ریلیاں اور جلوس نکالے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے قومی سیرت النبیؐ کانفرنس 2015 منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، وزیر مملکت پیر امین الحسنات اور علما کرام نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ قرآن و سنت سے ہمیں رہنمائی حاصل کرنی ہوگی اور کسی بھی تنازعے پر مسلمانوں کو اللہ اور اس کے رسولؐ کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں مساوات، حقوق العباد کا خیال رکھنے کی تلقین کی گئی جبکہ اسلام ہمیں عوام مشکلات کا حل اور احتساب کا درس دیتا ہے۔

راولپنڈی میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس بنی چوک سے کچھ دیر میں شروع ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی جامع مسجد قدیمی راجہ بازار پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے راستے میں اسٹیج بنا کر خانہ کعبہ اور مسجد نبویْ کے خوبصورت ماڈلز رکھے گئے ہیں، جلوس کے راستے ٹرالرز لگاکر بند کردیے گئے ہیں، واک تھرو گیٹس بھی نصب ہیں جبکہ دو ہزار پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی پر مامور کیا گیا ہے۔

کراچی میں عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا جہاں جلسہ عام سے علما و مشائخ خطاب کریں گے۔

پولیس حکام کے مطابق مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ 571 موبائلیں اور 574 موٹر سائیکل سوار اہلکار اسنیپ چیکنگ پر تعینات ہوں گے جبکہ رینجرز نے سندھ بھر میں 8 ہزار اہلکار تعینات کیے ہیں.

لاہور میں عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں اٹھارہویں مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ اونٹ، بگھیوں اور کاروں پر سوار عاشقان رسول داتا دربار سے نکلے تو فضائیں درود وسلام اور نعروں سے گونج اُٹھیں۔

کوئٹہ میں مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی میں مسجد اسماعیل سے برآمد ہوا، جس میں سبز جھنڈے تھامے بچوں نے بھی شرکت کی۔

پشاور میں حضورؐ کی ولادت کے حوالے سے مرکزی جلوس عشا کے بعد نکلے گا، جس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button