ایران

رہبر انقلاب اسلامی کا خط حقیقی اسلام کو سمجھنے کی دعوت ہےخطیب نماز جمعہ تہران کاظم صدیقی

تہران کے خطیب نماز جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے کہا ہے کہ مغربی نوجوانوں کے نام رہبر انقلاب اسلامی کے خط نے حق و باطل کے درمیان فرق کو نمایاں کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خط مغربی نوجوانوں کے لیے دعوت فکر ہے کہ وہ سوچیں کہ تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بارے میں اصل حقائق کیوں سامنے نہیں آ رہے ہیں۔ تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا کہ مغربی نوجوانوں کے نام رہبر انقلاب اسلامی کے خط میں دہشت گردی کے اسباب اور مغرب کے دہرے معیاروں کی انتہائی باریک بینی اور دانشمندی کے ساتھ نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کا خط اسلامی انقلاب کے عالمی ہونے کی نوید ثابت ہوگا۔ حجۃ الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے عراق میں ترک فوج کے داخلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی خطرناک روایت ہے جس سے نہ صرف ترکی بلکہ اسلامی ملکوں اور خطے کی سیکورٹی کو سخت نقصان پہنچے گا۔ تہران کے خطیب نماز جمعہ نے ترکی کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے غیر دانشمندانہ فوجی اقدامات کے ذریعے خطے کی صورتحال کو مزید کشیدہ نہ بنائے۔ انہوں نے جمہوریہ آذربائیجان کے ایک گاؤں میں پولیس اور دیندار مسلمانوں کے درمیان جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے حکومت آذربائیجان کو متنبہ کیا کہ مذہبی رسومات کی ادائیگی میں خلل ڈالنا اور لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانا جمہوریہ آذربائیجان کی حکومت کے حق میں نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button