پاکستان

ملک میں قیام امن کیلئے پرعزم، دہشتگردی کیخلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائیگی، جنرل راحیل شریف

پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں قیام امن کیلئے پرعزم ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے۔ پانچ روزہ دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک میں قیام امن کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاک چین راہداری منصوبہ خطے میں خوشحالی اور معاشی استحکام کا سبب بنے گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے امن و سلامتی کے قیام کے لئے پُرعزم ہے، پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دورہ امریکہ کے اختتام پر جنرل راحیل شریف نے پاکستانی سفارتخانہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ تقریب میں پیشہ وارانہ دانشور اور ممتاز پاکستانی امریکن باشندوں نے اس موقع پر شرکت کی۔ جنرل راحیل شریف نے ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے کہا پاکستان اور امریکہ نے مشترکہ مفادات کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ہمسایہ ممالک سے عزت اور وقار کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں آرمی چیف نے پاکستان، امریکہ دفاعی اور انسداد دہشت گردی تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب بہت پہلے شروع ہو جانا چاہئے تھا، آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے، بھارت سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں، مودی کے امن سے متعلق خیالات کچھ اور ہیں، افغان مصالحتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے بہت ہیں۔ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات اہم اور مضبوط ہیں، پاک فوج عوام کی توقعات پر پورا اترے گی، اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی کیلئے بہت اہم ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ نوجوان ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ پاکستان، چین، اقتصادی راہداری منصوبے سے خوشحالی کا نیا باب شروع ہوگا، دہشت گردوں کی معاونت اور مالی امداد دینے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، مکمل کامیابی تک جنگ جاری رہے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button