پنجاب بھر میں پیرس طرز کے حملوں کا خطرہ
انسدادِ دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پیرس طرز کے حملوں کا خطرہ ہے۔
لاہور میں سی ٹی ڈی حکام نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ داعش پنجاب بھر میں پیرس طرز کے حملے کرسکتی ہے، تاہم بلدیاتی انتخابات کے دوران ایسا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:: تکفیری دہشتگرد جماعت داعش کی پاکستان میں موجودگی پر ملکی قیادت تذبذب کا شکار
انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر حساس مقامات اور سوشل میڈیا ویب سائٹس کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے جس کی تفصیلات مناسب وقت پر میڈیا کے سامنے لائی جائیں گی۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر جنوبی پنجاب میں طلبا کو مسلح تربیت دینے والا ایک مدرسہ بھی سیل کردیا گیا ہے،اس مدرسہ کا تعلق لال مسجد سے تھا اور حکام کا کہنا ہے کہ لال مسجد کے خطیب داعش کی بیعت کا اعلان کرچکے ہیں اس لئے مدرسہ سیل کیا گیا۔








