اسلامِ محمدی کے نام پر پاکستان کو حاصل کرکے امریکی اسلام نافذ کر دیا گیا، علی مہدی
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے تنظیم کے مرکزی دفتر لاہور میں حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی بنیادوں پر حاصل کیا گیا اور یہی نظریات پاکستان کے حصول کی روح ہیں، پاکستان جن نظریات یعنی اسلام کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، یہ روح نکال لی گئی تو پاکستان کو قائم کرنے کا مقصد ختم ہو جائے گا۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ اسلام محض عبادات، روایات اور روحانی اعتقادات کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جس سے ہر مسلمان کی دنیاوی زندگی میں نظم و ضبط اور طرز عمل میں اعتدال و توازن پیدا ہوتا ہے، اسی لئے بانی پاکستان نے یہ واضح طور پر کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کا مطالبہ زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کیلئے نہیں کیا، بلکہ ہم ایک ایسی تجربہ گاہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، جہاں ہم اسلامی اصولوں پر عمل کر سکیں۔ انہوں نے پاکستان کی مشکلات کا سبب حکمرانوں کی اسلامی اصولوں کے منافی پالیسیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں اور اسلام دشمن طبقہ نے حقیقی اسلام کو بدنام کیا۔
ان کا کہنا تھا اسلام کے سنہری اصول تمام اسلامی حکومتوں کیلئے قابل عمل ہیں اور میثاق مدینہ میں ایک اسلامی حکومت کے تمام رہنما اصول شامل ہیں، اسلام کی حقیقی اقدار پر غیر مسلم ممالک عمل پیرا ہیں، پاکستان کو اسلامی بنیادوں پر حاصل کیا، لیکن یہاں پر امریکی اسلام کے نافذ کرنے کی بات کی گئی، جس کے اثرات پوری پاکستان قوم کو بھگتنا پڑ رہے ہیں، پاکستان میں ایک خاص سوچ و فکر کو پنپنے دیا گیا، جو تکفیری سوچ پاکستان میں اسلام مخالف سازشوں میں ملوث ہے، کی بنیاد پر پاکستان میں اسلام کی قسمت کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا، پاکستان اسلامی بنیادوں پر بنایا گیا، اسی نظریہ پر ہی ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل لبرل یا سکیولر پاکستان میں نہیں بلکہ حقیقی اسلام کے سنہری اصولوں پر گامزن رہنے میں مضمر ہے، پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور اسلام ہی پاکستان کی بقاء کا سامان ہے، اسلام سے روگردانی ہمارے تمام مسائل کی اصل اور بنیادی وجہ ہے۔