عراق

عراقی فوج کے ہاتھوں درجنوں دہشت گرد ہلاک

عراقی سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ عراقی افواج نے شہر الرمادی کو آزاد کرانے کے بعد اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھاہے۔ اس رپورٹ کے مطابق شہرالرمادی کے شمال میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار دستوں کے تازہ حملے میں داعش کے درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

عراق کے صوبہ الانبار میں عراقی فوج کے ایک کمانڈر کرنل احمد داؤد نے بتایا ہے کہ عراقی افواج مسلسل پیش قدمی کررہی ہیں اور انہیں فضائیہ کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ اس علاقے میں فضائی آپریشن میں بھی داعش کے درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ عراقی افواج نے اپنی پیش قدمی جاری رکھنے کے ساتھ ہی آزاد ہونے والے علاقوں میں سڑکوں اور لوگوں کے گھروں کو بموں اور بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کی کارروائیاں بھی شروع کردی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ عراقی افواج اتوار کی رات شہر الرمادی میں داخل ہوئی تھیں ۔ داعش نے چند ماہ قبل اس اہم شہر پر قبضہ کرلیا تھا لیکن عراقی افواج نے اتوار کی رات اس شہر کو اس تکفیری دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرالیا ۔

دوسری طرف داعش کے دہشت گردوں نے بغداد سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع الکرمہ کے علاقے کبیشات میں عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس میں انھوں نے زہریلی کلورین گیس استعمال کی۔

اس رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس نے داعش کے اس حملے کو پسپا کرتے ہوئے اسے بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ اس رپورٹ میں داعش کے کیمیاوی حملے سے پہنچنے والے نقصان کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ داعش نے اس سے قبل بھی کئی بار عراقی فوج اور کرد پیشمرگہ فورس کے خلاف کیمیاوی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔ دوسری جانب تکفیری صیہونی گروہ داعش نے کئی عراقی نوجوانوں کو قتل کر دیا ہے۔

پریس ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ داعش نے بارہ عراقی نوجوانوں کو اس گروہ کے چنگل سے بھاگنے کے الزام میں پھانسی دے دی۔ ان نوجوانوں کی عمریں بارہ سے سولہ سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button