پاکستان

ڈی جی رینجرز کا دورہ جیکب آباد، دھماکے والی جگہ کا معائنہ، شیعہ رہنماوں سے تعزیت

 ڈی جی رینجرز کی جیکب آباد آمد، دھماکے والی جگہ کا معائنہ، شیعہ رہنماوں سے تعزیت، الیکشن کی صورتحال پر ضلع انتظامیہ سے بریفنگ لی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر گذشتہ روز جیکب آباد پہنچے اس موقع پر انہوں نے 9محرم الحرام کو لاشاری محلہ میں ہونے والے خودکش حملے کی جگہ کا معائنہ کیا اور بعد میں ڈپٹی کمشنر کی آفس میں شیعہ رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی سے دھماکے میں شہید ہونے والے شہدا کی تعزیت کی اور علامہ مقصودعلی ڈومکی سے واقعے کی تفصیلات حاصل کی ، ملاقات میں مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مقصودعلی ڈومکی نے ڈی جی رینجرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کیا جائے انہوں نے کہا کہ سانحہ شکار پور کے بعد ہمارے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے سانحہ جیکب آباد رونما ہوا ،اگر شکارپور سانحہ کے بعد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن ہوتا تو ہمیں اپنے بے گناہ لوگوں کی لاشیں اٹھانا نہیں پڑتی اور جیکب آباد کا سانحہ رونما نہ ہوتا، علامہ مقصود علی کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے جیکب آباد شکارپور سمیت پوری سندھ میں دہشت گردوں کے ٹرننگ سینٹر موجود ہیں جن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ 20محرم کو جیکب آباد میں تمام مکتب فکر اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا،علامہ مقصود ڈومکی کے مطابق اس موقع ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال نے شیعہ رہنما کو یقین دہانی کرائی کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہیں اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ہی چین کی سانس لیں گے، علاوہ ازیں ڈی جی رینجرز کو ڈی سی آفس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ رٹرننگ آفسر شاہ زمان کھوڑو نے بریفنگ دی اور ضلع کی تمام صورتحال سے آگاہ کیا،اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ انتخابات میں امن امان کو یقینی بنائے جائے گا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button