پاکستان

آٹھ محرم الحرام کے جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں

ملک کے مختلف شہروں سے آٹھ محرم الحرام کےعلم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں۔ عزا دار نوحہ خوانی کرکے شہدائے کربلا سے اپنی عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔آٹھ محرم الحرام میں حضرت عباس کی یاد میں علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس اسلام آباد میں جامعہ المرتضٰی جی نائن فور سے برآمد ہوا، جلوس کی قیادت آغا حامد علی موسوی کررہے ہیں۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام صادق امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔ کراچی میں نشترپارک میں مجلس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر ختم ہوگا۔حیدر آباد کا جلوس امام بارگاہ ایلی کاٹ سےرات نو بجے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔ لاہور کی امام بارگارہ موری گیٹ میں مجلس عزا منعقد کی گئی۔ مجلس کے اختتام پر شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کا جلوس برآمد ہوا۔ جلوس لوہاری گیٹ،نیو انار کلی، نیلاگنبد اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت امام بارگاہ بیت الرضا میں ختم ہوگا۔ملتان میں مرکزی جلوس رات آٹھ بجے سینٹرل جیل سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر ختم ہوگا۔ فیصل آباد میں مرکزی جلوس مغرب کے وقت امام بارگاہ حیدریہ سے برآمد ہوگا ۔ پشاور میں دو جلوس برآمد ہوں گے، ایک جلوس کچھ دیر میں امام بارگاہ نجف علی شاہ سے برآمد ہوگا اور دوسرا آٹھ بجے امام بارگاہ محلہ امروہی سے برآمد ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button