مجالس عزاء اور جلوسوں کے دوران لائوڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت
صوبائی وزیرِ داخلہِ سندھ سہیل انور سیال کی سربراہی میں صوبہ سندھ میں موجود شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے جید علماء کا اجلاس منعقد کیا گیا اس اجلاس میں سیکریٹری داخلہ مختیار حسین سومرو، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈیئر اظہر، مشتاق احمد مہر پولیس چیف کراچی، اسپیشل سیکریٹری داخلہ ریاض سومرو اسکے علاوہ شیعہ تنظیموں اور علماء کی جانب سے علامہ عباس کمیلی ، علامہ نظر عباس نقوی ، سید علی محمد بخاری ، محمد یعقوب شہباز ، علامہ سید وقار حسین نقوی ، سید ذوالفقار علی شاہ ، سید غلام محمد شاہ ، مولانا سید محمد عالم شاہ موسوی سید شبیر رضا سید سلمان مجتبیٰ ، مولانا سید محمد عباس نقوی ، سید غلام عباس شاہ و دیگرنے شرکت کی ۔ اجلاس میں محرم کے موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے گفت و شنید کی گئی جس میں ہر شہر میں ہونے والے جلوس اور مجالس کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا علماء نےاس موقع پر کئی گزارشات پیش کیں جن پر وزیرِ داخلہ نے فوری احکامات صادر کیے ، تمام شیعہ علماء نے گزارش کی کہ مجالس اور جلوس کو منظم کرنے کے لیے لائوڈ اسپیکر کا استعمال ناگزیر ہے ہزاروں عزاداروں کو ایک جگہ پہنچانا اور پھر ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا لائوڈ اسپیکر کے استعمال اور پمفلٹ کے بغیر نا ممکن ہے ، اُنھوں نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں لائوڈ اسپیکر ، پمفلٹ استعمال کر نے کی اجازت دی جائے۔ وزیرِ داخلہ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مجالس عزا اور جلوسوں کے دوران لائوڈ اسپیکر اور پمفلٹ کا استعمال کرنے کی اجازت دی جائے اگر یہ اشتعال انگیزی کے لیے استعمال نہ کیے جائیں اور تمام شیعہ علماء سے تعاون کیا جائے تا کہ محرم الحرام کے ایام پرسکون رہیں اور اسلامی اخوت اور محبت کو قائم رکھا جا سکے۔ –