پاکستان

دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی خو ش آئند ہے،شاہی سید

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی اور ان کے سہولت کاروں و مددگاروں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کو ملکی بقاء کی خاطر خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ افواج پاکستان جس طرح دہشت گردی و انتہا پسندی کو جڑسے اکھاڑنے کیلئے کامیابیاں حاصل کر رہی ہے دہشت گردوں کے بین الاقوامی آلہ کاروں اور ملک و ملت کے دشمنوں کے جنازے پڑھانے والوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ طالبان کے خلاف فوجی آپریشن کی مخالفت کرنے والے اور طالبان کے دفاتر کھلوانے والے اب ضرب عضب کی تعریفیں کر رہے ہیں فوج کے خلاف جنگ کرنے والے اور لاکھوں پاکستانیوں کا خون ناحق بہانے والے طالبان کی مذاکراتی ٹیم میں شامل ارکان کو بھی گرفتار کیا جائے ، قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے سہولت کاروں و مددگاروں کو بے نقاب کر کے نشان عبرت بنانے کے خواہشمند ہیں اور ریاستی ادارے بلاتفریق ملک کے چپے چپے سے ملک دشمنوں کے بلا تفریق خاتمے کیلئے قومی اتحاد سے کاروائیاں تیز کر دیں۔باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئر مین سینیٹر شاہی سید نے مذید کہا کہ اے این پی نے قوم کے حقوق کے حصول کیلئے روز اول سے جنگ لڑی ہے اور اس جنگ میں پارٹی نے بے مثال اور تاریخی قربانیاں دی ہیں انہوں نے کہا کہ امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں نے جام شہادت نوش کیا جس میں بشیر احمد بلور جیسے نڈر اور عوامی شخصیت کا نام سر فہرست ہے ، انہوں نے کہا کہ پارٹی فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے نقش قدم پر گامزن ہے اور مرتے دم تک ہم ان بزرگ رہنماؤں کے اصولوں اور سیاست کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حمایت کرنے کی سزا مل رہی ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ان تمام مشکلات کے باوجود ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اپنے بچوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button