پاکستان

حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ممبر پارلیمنٹ نوار ساحلی کی علامہ ناصر عباس اور حامد رضا سے ملاقات

قومی اسمبلی آف پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد میں اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے لبنان کی پارلیمنٹ کے ممبر نوار ساحلی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سے ملاقات کی ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں فلسطین فاونڈیشن کے ترجمان صابر کربلائی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری اور صاحبزادہ حامد رضا کی جانب سے معزز مہمان کی پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہا گیا۔ دونوں رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اسلامی مقاومت سے تعلق رکھنے والی جماعت کے رکن پارلیمنٹ پاکستان کے دعوت پر اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔ ہم حزب اللہ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جس نے اسلامی مقاومت کے حقیقی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ اسرائیل کیخلاف ہونے والی جنگوں میں حزب اللہ کی فتح نے امت مسلمہ کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔

حامد رضا کا کہنا تھا کہ داعش، طالبان اور جبھتہ النصر جیسے مسلح جتھوں نے اسلام کو بدنام کیا ہے، ان گروہوں کا جہاد ہمیشہ امت مسلمہ کیخلاف رہا ہے، ان کی تلواریں اور بندوقیں ہمیشہ مسلمانوں کیخلاف اٹھی ہیں۔ حامد رضا کا کہنا تھا کہ دراصل یہ گروہ اسرائیل کے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے۔ نوار ساحلی کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان میں آکر اپنائیت محسوس ہوئی ہے، ایسا لگا ہے جیسا پاکستان ان کا دوسرا گھر ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یمن کے معاملے پر کردار بہت اہم رہا ہے جسے امت مسئلہ سراہتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے مسائل کا فقط سیاسی حل ہے، جنگوں سے کبھی بھی مسائل حل نہیں ہوا کرتے۔ ان ممالک کو سوچنا چاہیئے جنہوں نے یمن کے عوام پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button