مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی بچوں کی تعداد میں اضافہ

فلسطینی قیدیوں کے تحقیقاتی سینٹر کے انچارج نے کہا ہے صیہونی حکومت کی جیلوں میں بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے فلسطینی بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
قدسنا خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی قیدیوں کے تحقیقاتی سینٹر کے انچارج ریاض الاشقر نے اتوار کے دن کہا کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید دو سو فلسطینی بچوں میں سے ایک تہائی کا تعلق بیت المقدس سے ہے اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق ان میں سے بعض فلسطینی بچوں کی عمریں تیرہ برس سے بھی کم ہیں۔ ان بچوں کو قید کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کا اقدام بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے اورانسانی حقوق کے تحفظ کا دعوی کرنے والی تنظیموں نے صیہونی حکومت کے اس اقدام پر مسلسل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

ریاض الاشقر نے حالیہ برسوں کے دوران قدس سے گرفتار کئے جانے والے بچوں کی تعداد میں اضافے کے بارے میں کہا کہ سنہ دو ہزار تیرہ میں اٹھارہ برس سے کم عمر کے تین سو اسّی فلسطینی بچے گرفتار کئے گئے تھے جبکہ سنہ دو ہزار چودہ میں یہ تعداد چھ سو تک پہنچ گئی اور رواں سال کے آغاز سے اب تک پانچ سو فلسطینی بچوں کو بیت المقدس سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button