پاکستان

روایتی یا غیر روایتی، پاک فوج ہر جنگ کیلئے تیار, جنرل راحیل شریف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کی جانب سے مختصر اور برق رفتار جنگ کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں.

جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ "دشمن نے چھوٹے یا بڑے پیمانے پر جارحیت کی کوشش کی تو اسے ناقابل برداشت قیمت ادا کرنی ہوگی”۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج روایتی یا غیر روایتی ہر قسم کی جنگ کے لیے تیار ہے۔
جنرل راحیل شریف نے افغانستان سے متعلق معاملات پر بھی بات کی اور کہا کہ ہمیں افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش ہے اور کچھ عناصر امن کی کوششوں کو نقصان پہنچان کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان سے ہمارا تاریخی اور خون کا رشتہ ہے اور ہم نے افغانستان میں قیام امن کی کوششیں کی ہیں۔

جنرل راحیل شریف نے کشمیر کو پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو۔

یوم دفاع کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس روز دشمن نے ہم پر حملہ کیا اور ہم نے کامیابی سے دفاع کیا اور اسے عبرتناک شسکت سے دو چار کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک پہلے سے زیادہ مضبوط اور قوم پرعزم ہے جبکہ آج بھی ہماری مسلح فوج بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کرنے والے زیادہ تر دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں ۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی کے تمام اداروں نے ریاست کی بالادستی حاصل کرلی ہے، "میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ دہشت گردوں کے مددگار اور سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچاکر دم لیں گے”۔

انہوں نے نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کے لیے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا.

کراچی اور بلوچستان میں جاری آپریشن کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وہاں امن قائم کرنے میں کافی حد تک کامیابی ملی ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو مکمل کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے اور اسے پائے تکمیل تک پہنچانے میں پاک فوج اپنا کردار ادا کرے گی۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، کوشش ہے یہ لوگ گھروں میں واپس جاکر بہتر زندگی حاصل کرسکیں۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button