پاکستان

سنی اتحاد کونسل نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا

سُنّی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں کونسل کے صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ رانا ثناء اللہ کو کالعدم تنظیموں سے رابطوں کے جرم میں گرفتار کیا جائے، نواز شریف تین ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کا حساب دیں، سندھ حکومت کرپشن کی سرپرستی چھوڑ دے، کرپٹ اور غدار جس پارٹی میں بھی ہوں ان کو پکڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے آزاد احتساب کمیشن کا وعدہ پورا نہیں کیا، اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ اور رانا مشہودکے خلاف قانون حرکت میں کیوں نہیں آتا، دبئی، جدہ اور لندن میں کاروبار کرنے والے تاجر پاکستان کے اقتدار پر قابض ہیں، وزیر اعلی سندھ اور وزیر اعظم چوروں کے بجائے ملک کے چوکیداروں کے ساتھ کھڑے ہوں، پاکستان کے نمک حراموں کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ سیاست دان چوری اور سینہ زوری کا رویہ ترک کریں۔ فوج کا ڈنڈا نہ ہوتا تو نواز شریف اور زرداری ملک بیچ کر کھا چکے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں کرپشن کے خاتمے کی مہم کی پر جوش حمایت کریں ایسا نہیں کریں گی تو انہیں شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا، پچھلے 7 سال میں زرداری اور اس کے حواریوں نے ملک کے 20 ملین ڈالر لوٹے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن مخالف سیاستدان ملک کی سلامتی پر سیاست نہ کریں، قوم فوج سے محاذ آرائی کرنے والے سیاستدانوں کو مسترد کر دے گی، قومی خزانے لوٹنے والوں کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے، پی پی اور نون لیگ دھوپ میں برف کی طرح پگھل رہی ہیں، نواز شریف اور زرداری ایک ہی سوچ کے مالک ہیں، کرپٹ ٹولے پر جب بھی ہاتھ ڈالا گیا تو سندھ کارڈ اور جمہوریت کے نام پر اداروں کو بلیک میل کیا گیا، ملک سے کرپشن کا گند ختم ہونا چاہیئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button