کراچی میں دہشت گردی اور کرپشن کا شیطانی گٹھ جوڑ توڑا جائے، جنرل راحیل، فوجی عدالتیں بڑھانے کی منظوری

26 اگست, 2015 00:00

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کراچی سے دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور مافیاز کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے‘شہرقائد کو پرامن بنانے کیلئے دہشت گردی ‘جرائم پیشہ مافیاز‘کرپشن اورتشددکے مابین شیطانی گٹھ جوڑ توڑنے کی ہدایت کی ہےجبکہ دہشت گردوں کے زیر التواء مقدمات جلد نمٹانے کیلئے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری بھی دی ہے۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کو کورہیڈکوارٹرزکراچی میں امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں‘جنرل راحیل نے کراچی کی سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے پر رینجرز، پولیس اور انٹلیجنس ایجنسیوں کی کارکردگی کی تعریف کی اور خاص طور پر کراچی کے عوام کی حمایت کو سراہا‘آرمی چیف نے ایئرڈیفنس سینٹرملیرکینٹ کا بھی دورہ کیا‘اس موقع پر انہوں نے یادگارشہداء پر حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی پولیس کی استعداد کار کے فروغ کیلئے ان کی مکمل تربیت کے علاوہ ساڑھے 6کروڑروپے کے آلات بھی کراچی پولیس کے حوالے کئے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منگل کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو کراچی میںہونیوالے اعلی سطح کے اجلاس میں سکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی‘اجلاس میں کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی رینجرز، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کمشنر اور انٹلیجنس ایجنسیوں کے نمائندوںنے بھی شرکت کی‘بریفنگ کے دوران آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آپریشنز کے نتیجے میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے‘ جنرل راحیل نے کراچی کی سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے پر رینجرز، پولیس اور انٹلیجنس ایجنسیوں کی کارکردگی کی تعریف کی اور خاص طور پر کراچی کے عوام کی حمایت کو سراہا‘ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کراچی سے دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور مختلف قسم کے مافیاز کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رکھا جائے ‘کراچی کو پر امن اور ہر طرح کے خوف سے پاک شہر بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے باہمی گٹھ جوڑ ختم کئے جائیں اور شہر کو دہشتگردی جرائم پیشہ مافیاز ، تشدد اور کرپشن سے پاک کیا جائے‘پاک فوج کے سربراہ نے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی بھی منظوری دی تاکہ دہشتگردوں کے زیر التوا مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں۔ دریں اثناءآرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک آرمی کے جوانوں کی کاوشوں کو سراہا ہے‘وہ منگل کی صبح آرمی ایئرڈیفنس سینٹر ملیر کینٹ کے دورے کے موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کررہے تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو ٹریننگ سینٹر میں ہونے والی تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی ۔ جنرل راحیل شریف نے باضابطہ طور پر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الحسن شاہ کو بیجز لگا کرایئر ڈیفنس کمانڈنٹ کے عہدے پر ترقی دی‘آرمی چیف نے آپریشن ضربِ عضب میں پاک فضائیہ کی خدمات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور فضائیہ کے کردار کوسراہا۔

9:35 صبح نومبر 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔