پولیس کے نظام کی اوور ہالنگ کے بغیر نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہوسکتا، صاحبزادہ حامد رضا

26 اگست, 2015 00:00

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا احتساب اور تنظیم نو ضروری ہے، افغانستان سے پاکستانی فوجی چوکی پر حملہ کابل اور دہلی کی ملی بھگت ہے، حکومت دہشتگردوں کے بیرونی رابطے اور فنڈنگ نہیں روک سکی، نسل در نسل حکمرانی کی روایت ختم ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق دو سال کی تنخواہ اور مراعات واپس کریں، کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے، مودی بڑے ملک کا چھوٹا حکمران ہے، حکومتی وزراء کی الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف بیان بازی تشویشناک ہے، تاریخی فیصلہ سنانے پر قوم جسٹس کاظم ملک کو سلام پیش کرتی ہے۔ پنجاب کی شوگر ملز مالکان نے کاشت کاروں کے 5 ارب روپے دبا رکھے ہیں، حکومت کسانوں کی واجب الاد رقم ادا کروائے۔ الیکشن ٹریبونل کے تازہ فیصلے سے ثابت ہوگیا ہے کہ بے ضابطگی بھی دھاندلی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر سو فیصد عملدر آمد کیلئے حکومتی محکموں کی خامیاں دور کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب میں سیاستدانوں کے ڈیرے مجرموں کی پناہ گاہ بن چکے ہیں۔ مفاداتی اور مالیاتی سیاست نے ملک کو کنگال کر دیا ہے۔ منشیات فروشی سے حاصل ہونے والا پیسہ دہشت گردی کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ حکومت دہشتگردوں اور منشیات فروشوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے اقدامات کرے۔ پولیس کے نظام کی اوور ہالنگ کے بغیر نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہوسکتا۔ کالعدم تنظیموں کا ہمدرد صوبائی وزیر نیشنل ایکشن پلان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ حکومت سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے۔

7:53 صبح نومبر 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔