افغان حکومت دشمن بھارت کی چالوں کو سمجھے، علامہ ناصر عباس
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خیبر ایجنسی کے علاقے میں افغانستان کی جانب سے داغے گئے راکٹ حملے کے نتیجے میں چار پاکستانی فوجی جوانوں کی شہادت کے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی اور داخلی خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں پر شر پسندی کی اشتعال انگیز کاروائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جس سے ہمسایہ ممالک کے تعلقات شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس قسم کی بذدلانہ کاروائیوں میں بھارت ملوث ہے جو خطے میں بےچینی پیدا کرنے کے سرگرم ہے۔ افغانستان حکومت ان سازشوں سے ہوشیار رہیں اور اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ مقاصد کی تکمیل کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ پاکستان اور افغانستان دونوں اس وقت دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ان عناصر کی سرکوبی کے لیے باہمی تعاون اور نیک نیتی کے ساتھ پرعزم انداز میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کو دشمن قرار دینے کی بجائے اصل دشمنوں کا محاسبہ کرنا ہو گا۔ افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ سرحدی خلاف ورزی کے مرتکب ان قانون شکنوں کے خلاف فوری اور سخت کاروائی کرے۔ علامہ ناصر نے شہدا ء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی ہے







