پاکستان

دہشت گرد تکفیری عناصر نے اپنی کارروائیوں کا رُخ عوام کی طرف سے پھیر کر شخصیات کی طرف موڑ لیا ہے، علامہ ناصر عباس

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماء رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ اور رشید گوڈیل پر حملے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گرد تکفیری عناصر نے اپنی کارروائیوں کا رُخ عوام کی طرف سے پھیر کر شخصیات کی طرف موڑ لیا ہے اور وہ ایک بار پھر ملک کو افراتفری کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں حقیقی امن کا قیام محض خواب ہے۔ نیشنل ایکشن پلان اور دہشت گردوی کے خلاف جاری آپریشن میں جن قوتوں کے مفادات کو زچ پہنچی ہے آج وہی قوتیں ملک دشمن سرگرمیوں میں کھل کر مصروف ہیں۔ اس آپریشن کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ہر اس شخص کو جو طالبانی فکر کا حامی ہے اسے قانون و انصاف کے کٹہڑے میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کو وطن عزیز کے خلاف کسی سازش کو عملی شکل دینے کا موقع نہ مل سکے۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملک کی معروف سیاسی و مذہبی شخصیات کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ حکومت دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رشید گوڈیل پر حملے آور ہونے والے عناصر اور شجاع خانزادہ کی شہادت کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button