ایران

صیہونی حکومت دنیا میں سب سے زیادہ خبیث اور غیر انسانی حکومت ہے

تہران کی مرکزی نماز جمعہ ‎آیت الله محمد امامی کاشانی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ خطیب نماز جمعہ نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم نے دانشمندی اور منطق کے ساتھ دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی قوم کے حقوق کا بطریق احسن دفاع کیا۔ ‎آیت الله محمد امامی کاشانی نے ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے اراکین کی کوششوں کو سراہا اور تاکید کی کہ رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور عوام کی جانب سے ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی پشت پناہی ان مذاکرات میں ایرانی مذاکرات کاروں کی کامیابی میں موثر تھی۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے استقامتی معیشت کی پالیسی کو پابندیوں کے دباؤ کو بےاثر بنانے کے سلسلے میں اہم اور مؤثر قرار دیا اور اس پالیسی کو جاری رکھنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور دوسرے ممالک میں ویانا ایٹمی معاہدے کا قانونی جائزہ لئے جانے کے بعد اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے سلسلے میں ایران کی کوشش اور ایران کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت پر مبنی بعض یورپی حکام کے دعوے کو سفید جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ یہ دعوے پرانی دشنمیوں کا ہی تسلسل ہیں اور آج یہ یورپی حکام ایرانی کے خلاف اپنی سابق مخاصمانہ پالیسیوں کا ازالہ کرنے کے بجائے دشمنی کو ہوا دے رہے ہیں۔ ‎آیت الله محمد امامی کاشانی نے ویانا ایٹمی معاہدے کے بارے میں صیہونی حکومت کو راضی کرنے سے متعلق امریکی حکام کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی صرف اس صورت میں راضی ہو سکتے ہیں کہ جب ان کے سوا تمام قومیں نیست و نابود ہو جائیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ انسانوں کا خون بہانے سے بھی دریغ نہیں کرتے ہیں۔ خطیب نماز جمعہ نے اسرائیل کی حمایت کرنے کی بنا پر سعودی عرب سمیت بعض عرب ممالک پر بھی تنقید کی اور کہا کہ صیہونی حکومت دنیا میں موجود سب سے زیادہ خبیث اور غیرانسانی حکومت ہے اور مسلمان اقوام کو امن و سلامتی کے حصول کے لئے آپس میں متحد ہو کر صیہونیوں کو خطے سے نکال باہر کرنا ہو گا۔ ‎آیت الله محمد امامی کاشانی نے دہشت گرد گروہ داعش کو عالمی سامراج کا پروردہ گروہ قرار دیا اور کہا کہ بڑی طاقتیں خود ہی دہشت گردی کی تقویت کرتی ہیں اور اس کا دائرہ دوسرے ممالک تک پھیلاتی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button