پاکستان

ملت جعفریہ کی عزیم درسگاہ جامع بعثت (چنیوٹ) اورجھنگ میں شیعہ درسگاہ پر پولیس کے چھاپے۔

اسلام آباد ( ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے چنیوٹ کی معروف دینی درسگاہ جامع بعثت اورجھنگ میں شیعہ درسگاہ پر پولیس کے چھاپوں کی سخت مذمت کرتے ہوئیاسے قانون و انصاف کی پامالی قرار دیا ہے۔تلاشی کے دوران شیعہ مراکز سے کسی بھی قسم کا غیر قانونی مواد نہ ملنا اس امر کی دلیل ہے کہ یہ محب وطن قوتوں اور امن کی تشہیر کے مراکز ہیں۔

ان واقعات سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی اور ناقص اطلاعات عیاں ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کا جانبدارانہ رویہ تعصب پر مبنی ہے۔ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ پنجاب پولیس کو لگام دے۔ملت تشیع کے خلاف انتقامی کاروائیوں کی بجائے ان عناصر کے خلاف آپریشن کی رفتار کو بڑھایا جائے جو پاکستان کی سلامتی و بقا کے دشمن ہیں۔مذہب کی خدمت کرنے والے دینی اداروں اور کالعدم تنظیموں کے مقاصد کو پروان چڑھانے والے مدارس کو ترازو کے ایک ہی پرلے میں نہ تولا جائے۔

دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو ملک دشمن مذموم عناصر تک محدود رہنے دیا جانا چاہیے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے توازن کی پالیسی اختیار کرنا قانونی تقاضوں کے برعکس ہے۔ ملا عمر جسیے دہشت گرد کی ہلاکت کے دو سال بعد وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں اس کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

حکومت کے لیے طالبانی فکر کی تشہیر و ترویج کرنے والے اداروں کی نشاندہی کا یہ بہترین موقعہ ہے۔اسلام آباد جیسے حساس شہر میں دہشت گردوں کی کھلے عام حمایت کرنے والے مدارس کسی سے ڈھکے چھپے نہیں جو داعش کی وحشیانہ کاروائیوں کو برملا اسلام کا نام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملت تشیع کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا یہ سلسلہ فوری بند کیا جائے۔پوری دنیا جانتی ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ہر پلیٹ فارم پر نظریہ پاکستان کا دفاع کرنے والی ایک محب وطن جماعت ہے ۔تکفیری گروہوں کی ایما پر محب وطن دینی مراکز پر چھاپے مارنے محب وطن طاقتوں کو کمزور کرنے کی سازش ہے جسے دانشمندی اور سیاسی بصیرت سے ناکام بنایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button