پاکستان

جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ پر سیاست بند کی جائے، علامہ راجہ ناصر عباس

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے تاہم مسلم لیگ ن نے انجینئرڈ دھاندلی کی جس کے ثبوت پیش کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن دھاندلی کرنے اور ثبوت مٹانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن کے قیام کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کا اپنا تھا اس بارے میں تحریک انصاف نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا تھا لہذا اس فیصلہ کا اطلاق صرف پاکستان تحریک انصاف پر ہوتا ہے، جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ پر سیاست بند کی جائے اور حکمران جماعت موجودہ مسائل پر توجہ دے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے کہا کہ سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا اندیشہ بھی موجود ہے، مسلم لیگ ن فتح کا جشن منانے کی بجائے بے گھر افراد کی طرف توجہ دے۔ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ امید ہے اس کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بھی غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر رپورٹ سامنے لائی جائے گی اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد بھی عوام مسلم لیگ ن کے کرپٹ سیاستدانوں کا کسی صورت کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ الیکشن کے بعد بھی مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا وہ وقت دور نہیں جب عوام خود ان کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کریں گے انشااللہ ہم اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، اور اس ظالمانہ نظام کے خلاف آواز اُٹھاتے رہیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button