یمن

یمن: متحدہ عرب امارات کی فوج کا آپریشنل روم تباہ

یمن کی فوج نے جنوبی یمن میں دہشت گردوں کے حامی متحدہ عرب امارات کے فوجی افسروں کا آپریشنل روم تباہ کر دیا ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج نے جنوبی یمن میں دہشت گردوں کا ساتھ دینے والے متحدہ عرب امارات کے فوجی افسروں کے آپریشنل روم پر حملہ کیا۔ اس حملے میں متحدہ عرب امارات کے متعدد فوجی افسر ہلاک ہو گئے۔ اس حملے میں خلیج فارس کے ساحلی عرب ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے بعض افسر بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ یمن کے عدن شہر میں حالیہ دنوں کے دوران یمن کی فوج اور عوامی فورس کے ساتھ القاعدہ کے دہشت گردوں اور یمن کے مفرور سابق صدر عبدربہ منصور ہادی کے حامیوں کی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثنا سینیگال اور سوڈانی پٹھو فوجی بھی یمن کی فوج کو پسپائی پر مجبور کرنے کے لئے میدان میں کود پڑے ہیں اور سعودی عرب کے لڑاکا طیارے بھی بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے وسیع پروپیگنڈے کے برخلاف عدن پر ابھی تک یمن کی فوج اور عوامی فورس کا کنٹرول ہے۔ یمن سے ملنے والی ایک اور رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی فورس نے یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کے عسیر اور جیزان صوبوں میں واقع فوجیوں چھاؤنیوں پر میزائل برسائے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button