عراق

عراق کے شہر فلوجہ میں کئی علاقے آزاد

عراقی سیکورٹی ذرائع کے مطابق شہر فلوجہ کے مشرق میں مزید کئی علاقوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔ شہر فلوجہ عراق کے مغربی صوبے الانبار میں واقع ہے۔
عراق کے ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ عراق کی فوج، عوامی رضا کاروں اور قبائلی فورس نے فلوجہ کے مشرق میں الکناطر، الرشاد، البوخنفر المشحنیہ اور الصبیحات علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس ذریعے نے بتایا کہ ان علاقوں کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں داعش کے دسیوں تکفیری دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔ الانبار پولیس کے ایک ذریعے نے کہا ہے کہ فلوجہ کے جنوب میں فوج اور عوامی رضاکاروں نے الھیتاویین کو دہشتگردوں سے پاک کر دیا ہے۔ ادھر عصائب اھل الحق نامی تنظیم کے ترجمان جواد الطلیباوی نے اعلان کیا ہے کہ عوامی فورس اور فوج نے بیجی کی آئل ریفائنری کا محاصرہ کر لیا ہے اور اس ریفائنری کو پہنچنے والے داعش کے رسد کے تمام راستے کاٹ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجی کے قبائل کے دو سو پچاس افراد آزاد شدہ علاقوں کی حفاظت کے لئے عوامی فورس کی مدد کر رہے ہیں۔ ادھر عراق کی پارلیمنٹ میں سلامتی اور دفاع کے کمیشن کے رکن محمد الکربولی نے صوبہ الانبار کے قبائل سے اپیل کی ہے کہ وہ داعش کے خلاف فوج کی حمایت کریں۔ انہوں نے الانبار آپریشن کے کمانڈروں اور عوامی فورس سے کہا ہے کہ قبائلی فورس کو بھی اپنے شہروں کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں شرکت کرنے کی اجازت دیں اور ان کی توانائیوں سے بھی بھرپور استفادہ کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button