پاکستان

حضرت علی (ع) کا طرز زندگی امت مسلمہ کیلئے ایک مکمل اور باوقار ضابطہ حیات ہے، علامہ ناصر عباس

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے یوم ضربت امیر المومنین حضرت علیؑ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کا طرز زندگی امت مسلمہ کے لئے ایک مکمل اور باوقار ضابطہ حیات ہے۔ عالم اسلام کے مابین انتشار اور بےچینی کو مولا کائنات حضرت علی ؑ کی بصیرت و دانش پر عمل پیرا ہو کر دور کیا جاسکتا ہے۔ اسلامی قوانین کے نفاذ اور سربلندی کے لئے امام اول نے آج سے چودہ سو سال قبل ان خارجی اور دہشت پسند طاقتوں کو اپنی تلوار کی نوک سے خاموش کرا دیا، جو اسلام کی شکل بدلنا چاہتے تھے۔ اللہ کے گھر میں دہشت گردی کے سلسلے کی ابتدا مسجد کوفہ سے ہوئی، جہاں مولائے کائنات کو نماز کے دوران شہید کر دیا گیا۔ آج انہی شیطانی طاقتوں کے پیروکار اسلام کے خلاف پھر سر اٹھا رہے ہیں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مذہب کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ حقیقی اسلام کی جگہ خود ساختہ، غیر انسانی مذہب کو اسلام کا نام دے کر جبراََ رائج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان دہشت گرد عناصر کو حقیقی اسلام سے ہی شکست دی جا سکتی ہے۔ ظالم کا مقابلہ اسی جرات و تدبر سے کیا جاسکتا ہے جس کا درس اہلبیت اطہار علیہم السلام نے دیا ہے۔ دنیا میں اس وقت دو طبقے موجود ہیں۔ ایک ظالمین کا اور دوسرا مظلومین کا۔ ہم بلاتخصیص مذہب و ملت مظلومیت کے حامی ہیں۔ مظلوم چاہے کسی بھی مذہب سے ہو، ہمارے لئے قابل احترام اور ظالم چاہے کوئی ملت تشیع کا ہی فرد کیوں نہ ہو ہمارا دشمن ہے۔ یہی درس محمد ﷺ و آل محمد ﷺ ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button