ایران

حضرت علیؑ نے انسانیت کو درس شجاعت دیا

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امام علی علیہ السلام نے دنیا کے حریت پسندوں کے رہبر کی حیثیت سے پوری انسانیت کو شجاعت و مردانگی کا درس دیا ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کی رات کو مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب کی شب ضربت کی مناسبت سے، شہدا کے اہل خانہ اور جانبازوں کے ساتھ افطار کی ضیافت میں کہا کہ امام علی علیہ السلام اس مقام و منزلت پر فائز ہیں جس کا موازنہ پیغمبر اسلام (ص) کے سوا اور کسی سے نہیں کیا جاسکتا- صدر مملکت نے حضرت علی علیہ السلام کے راستے اور آپ کی حکومت کی روش پر گامزن رہنے کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرالمومنین علی علیہ السلام کی حکومت کی خصوصیات تک رسائی کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن ایران کے اسلامی جمہوری نظام کا افتخار یہ ہے کہ یہ حکومت امام علی علیہ السلام کی حکومت کی روش پر گامزن ہے اور ہماری پوری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ اس نورانی راہ پر ثابت قدم رہیں- انیسویں ماہ رمضان المبارک کی سحر کو جب امام المتقین، مسجد میں نماز فجر میں مشغول تھے اسی وقت گروہ خوارج کے ایک فرد عبد الرحمن ابن ملجم مرادی نے زہر سے بجھی ہوئی تلوار آپ کے فرق اقدس پر لگائی جس کے بعد اس زہر کا اثر رفتہ رفتہ آپ کے پورے بدن میں پھیل گیا اور دو دنوں کے بعد یعنی اکیس رمضان المبارک کو آپ کی شہادت واقع ہو گئی-

متعلقہ مضامین

Back to top button