پاکستان

علامہ شبیر میثمی نے اپوزیشن لیڈر سے متعلق عمران ندیم کے موقف کو یکسر مسترد کردیا

پاکستان کے مرکزی رہنما و سیاسی سیل کے انچارج علامہ شبیر مثیمی نے اپنے آڈیو مسیج میں پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے رکن عمران ندیم کے اسلام ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں اسلامی تحریک سے متعلق کی گئی باتوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ اپنے پیغام میں علامہ شبیر میثمی نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک کسی بھی سطح پر متحدہ اپوزیشن کا رکن نہیں بنی ہے۔ عمران ندیم نے قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کو مجبور کیا کہ انہیں اپوزیشن لیڈر بنایا جائے، لیکن پارلیمانی بورڈ کا فیصلہ ان کے حق میں نہیں آیا تھا۔ اس کے بعد عمران ندیم اور کچھ لوگوں نے جن کا نام نہیں لینا چاہتا، انہوں نے ملکر جو کام کیا ہے وہ پوری قوم کے سامنے ہے۔ علامہ میثمی کا کہنا تھا کہ وہ عمران ندیم کے انٹرویو کی باتوں کو رد کرتے ہیں اور چیلنج کرتے ہیں کہ اگر وہ ہمت رکھتے ہیں تو آئیں اور میرے سامنے بیٹھیں اور جواب دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن بنانے والوں کو اور جس شخص کو منتخب کیا گیا ہے اس کو ووٹ دینے والوں کو مبارک ہو۔ انشاءاللہ تعالٰی جلد مزید چیزیں سامنے آئیں گی، اب بھی اگر قوم سمجھنے کیلئے تیار نہیں ہے تو ہم اس کا کچھ بھی نہیں کرسکتے۔ یاد رہے کہ جی بی الیکشن میں اسلامی تحریک پاکستان نے عمران ندیم کو کھل کر سپورٹ کیا تھا اور کامیاب کرایا تھا، جس پر عمران ندیم نے اسلامی تحریک کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا تھا۔ اسلامی تحریک کا موقف تھا کہ اس نے اپنے پرانے نظریاتی کارکن کو سپورٹ کرکے ایوان میں لے آئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button