پاکستان

تحصیل پروآ میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن تیز کیا جائے، علامہ رمضان توقیر

شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ میں ایک منظم سازش کے تحت شیعہ اکابرین کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ محمد رمضان توقیر کا کہنا تھا کہ تحصیل پروآ میں ایک تواتر کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ اگر ان واقعات کا نوٹس لیا جاتا تو شہید مختیار حسین بلوچ کے قتل کا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ تحصیل پروآ کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنایا جارہا ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرتے ہوئے علاقے کے امن کو بچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ اکابرین کو تحصٰل میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، لیکن آج تک کسی بھی واردات میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور پولیس حکام فی الفور دہشت گردی کے ان واقعات کا نوٹس لیں، اور اہل تشیع کو عدم تحفظ کے احساس سے نکالیں۔ علامہ رمضان توقیر نے کہاہے کہ اہل تشیع اتحاد بین المسلمین کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود تشیع کی شخصیات پر جاری حملے نہیں رک رہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہید مختیار حسین بلوچ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button