یمن

یمن پر سعودی جارحیت، متعدد شہید اور زخمی

یمن پر سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت میں متعدد یمنی شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
یمن کے مختلف شہروں پر سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی وحشیانہ بمباری میں درجنوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔
یمنی ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیارں نے صوبہ صعدہ ، حدیدہ، جوف اور عدن میں رہائشی عمارتوں، سرکاری دفاتر ،اسپتالوں اور مساجد کو نشانہ بنایا ہے۔ سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صعدہ میں ایک بازار پر بھی بمباری کی ہے۔ سعودی بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہوسکا ہے تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں اور امدادی کارکن عمارتوں کے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ المسیرہ ٹیلی ویژن نے صعدہ کے الکتاف نامی علاقے میں سعودی بمباری کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد کے شہید ہونے کی خبر دی ہے۔شہید ہونے والوں میں صوبائی محکمہ صحت کے ایک عہدیدار صالح ھادی بھی شامل ہیں جو میڈیکل آلات اور دوائیں اسپتال لے جارہے تھے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے اس کی کلینیک پر بمباری کردی جہاں وہ موجود تھے۔ یمنی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ کے علاقے المہاذیر میں ایک مکان پر بمباری کی جس میں ایک شہری شہید اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔ سعودی فوجیوں نے صوبہ صعدہ کے شہر رازح کے الغمارہ نامی علاقے پر توپ خانے سے گولہ باری بھی کی ہے جس میں متعدد رہائشی مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے البیضا، دود، دخان اور جیزان کے علاقے میں سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں اور نئی چیک پوسٹوں پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں سعودی فوجیوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ بعض علاقوں میں سعودی فوجی اپنی چیک پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button