دنیا

یمن:رہائشی علاقوں پر سعودی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید راعد الحسین نے پیر کے دن جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے انتیسویں اجلاس میں یمن میں مسلح جھڑپوں کے دوران شہریوں کی جانوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا- انہوں نے کہا کہ یمن کے رہائشی اور غیر فوجی علاقوں پر سعودی عرب کی بمباری کے بارے میں تحقیقات ضروری ہیں- واضح رہے کہ سوئیزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پیر کے دن سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اجلاس شروع ہوا جو تین جولائی تک جاری رہے گا- قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ سے یمن کے فوجی، طبی اور تعلیمی مراکز، ایئرپورٹوں، بندرگاہوں اور مواصلاتی راستوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے- سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک امدادی سامان یمن تک پہنچائے جانے کی راہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں جس کی وجہ سے یمن کے لوگوں کو اشیائے خورد و نوش، ادویات اور پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے- یمن کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک یمن کے دس ہزار سے زیادہ شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں-یمن کی وزارت صحت کے مطابق سعودی جارحیت کے دوران شہید ہونے والوں میں نو سو کے قریب کم سن بچے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button