ایران

ایران کے جوہری مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں، لاریجانی

ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ جوہری مذاکرات میں مختلف مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات میں نشیب و فراز کے باوجود پیشرفت جاری ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ جوہری مذاکرات کے کچھ جزوی مسائل باقی ہیں جنھیں ماہرین حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران کے پارلیمانی اسپیکر نے اپنی گفتگو میں چین اور روس کے ساتھ ایران کے معاہدوں کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس کے ساتھ ایران کے تعلقات خوشگوار رہے ہیں اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے گفتگو کے دوران حزب اللہ کے ہاتھوں صیہونی حکومت کی شکست کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کو اس شکست سے پتہ چل گیا کہ وہ علاقے کی سب سے بڑی طاقت نہیں ہے اور اسے اب علاقے میں مسائل پیدا کرنے سے گریز کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے مسلمانوں کی موجودہ صورتحال کابھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اس وقت ایسے دہشت گرد گروہوں کا سامنا ہے جو لا الہ الا اللہ کا پرچم اٹھائے مسلمانوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حزب اللہ پوری سوجھ بوجھ کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے جس کے عنقریب مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے شام میں داعش کی پیش قدمی کے بارے میں کہا کہ جنگ میں حالات کبھی ایک جیسے نہیں رہتے۔ بعض اوقات کوئی ایک فریق کچھ علاقوں میں پیش قدمی کرلیتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button