پاکستان

جی بی الیکشن، 8 جون کو اسلامی تحریک کے امیدوار ہی کامیاب ہوں گے، علامہ ساجد نقوی

اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے دمبوداس اسکردو میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ گلگت بلتستان الیکشن اس خطہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک نئے موڑ کا آغاز ہیں، اسلامی تحریک پاکستان درحقیقت آپ عوام ہیں اور 8 جون کو عوام کی ہی جیت ہوگی۔ اقتدار میں آکر عوامی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کو آئینی و قانونی حقوق دلانے کی جدوجہد کو تیز تر کریں گے۔ تحریک کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ سرزمین بے آئین کو آئینی و قانونی حقوق دلوانے کے لئے پہلی آواز بھی ہم نے بلند کی اور گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنانے کا مطالبہ بھی تحریک کا ہی تھا۔ دمبوداس کے تاریخی جلسہ عام میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ اس علاقے کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ مثالی امن و وحدت کے فروغ کے لئے اسلامی تحریک نے بھرپور جدوجہد کی اور یہ جدوجہد اس وقت بھی جاری ہے، کیونکہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح اس علاقہ میں بھی ہمارا دستور و منشور علاقائی تعمیر و ترقی، عوامی خوشحالی اور وحدت و اتحاد کا فروغ ہے اور ان اہداف کے حصول کے لئے مشکلات اور مصائب کے باوجود کوششیں کی گئیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اسلامی تحریک ایک ویژن کے تحت جن جن حلقوں کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ ہمارے پارلیمانی بورڈ کی مشاورت سے ہوا، البتہ اس کی منظوری ہم نے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیاست میں پہلی بار حصہ نہیں لے رہے بلکہ ہم شروع سے ہی میدان سیاست میں موجود ہیں اور ماضی میں گلگت و بلتستان مخلوط حکومت بھی بنائی، تاکہ ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکا جاسکے۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم آنے والی نسلوں کو مضبوط اور مستحکم پاکستان دیں گے، جس میں قانون و دستور کی حکمرانی ہو۔ یہاں کے عوام کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ باہمی میل جول اور تعلقات کے حوالے سے ایک دوسرے کا احترام کریں اور الزام تراشی سے گریز کرتے ہوئے عزت و احترام کے کلچر کو فروغ دیں، معمولی اختلافات کو اس حد تک نہ لے جائیں جس سے کشیدگی پیدا ہو۔

متعلقہ مضامین

Back to top button