پاکستان

کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ، سریاب روڈ پرآپریشن کے دوران لشکر جھنگوی کا دہشتگرد گرفتار

شیعت نیوز۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق کوئٹہ شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر شہر میں فوری طور پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ نافذ کردی گئی۔ جس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی جبکہ پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکار بھی متحرک ہوگئے۔ شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً حساس مقامات پر پولیس اور ایف سی کے مسلح دستے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ گشت کرتے رہے جبکہ شہر میں جگہ جگہ ناکے لگا کر دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق ایف سی اور پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر 650 موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیا جبکہ 7 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا، جن سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ علاوہ ازیں پولیس نے شب گزشتہ سریاب، بروری اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چھاپوں کے دوران پچیس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سریاب کے علاقے میں حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک خطرناک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا، جس سے اسلحہ بھی پکڑا گیا۔ ملزم کو مزید تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم لشکر جھنگوی سے بتایا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button