ایران

امریکہ ایرانی قوم سے انتقام لینے کی کوشش میں ہے: آیت اللہ جنتی

خطیب نماز جمعہ تہران نے کہا ہے کہ امریکہ ایٹمی مذاکرات میں ملت ایران سے انتقام لینے کی کوشش کر رہا ہے۔

خطیب نماز جمعہ تہران آیت اللہ احمد جنتی نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی مذاکرات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ امریکہ، اسلام اور اسلامی جمہوریہ ایران سے برسوں منہ کی کھاتا رہا ہے اس لئے وہ ایٹمی مذاکرات میں انتقام لینے کی کوشش کر رہا ہے- انہوں نے کہا کہ یہ تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کہ ایٹمی سمجھوتہ ہونے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنوں کی سازشیں، ختم ہوجائیں گی- آیت اللہ جنتی نے کہا کہ مغرب اور خاص طور سے امریکہ، ایران کے سیاسی اور اقتصادی مسائل کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینا چاہتا ہے۔ آیت اللہ جنتی نے کہا کہ دشمن یہ چاہتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائے لیکن اس کو معلوم نہیں ہے کہ ملت ایران نے طاقت اور مزاحمت و شجاعت کا سبق، نواسہ رسول حضرت امام حسین(ع) سے سیکھا ہے- خطیب نماز جمعہ تہران آیت اللہ جنتی نے اپنے خطاب میں فلسطین، شام، عراق اور یمن میں ہونے والے جرائم اور جارحیت کا ذمہ دار، امریکہ کو قرار دیا اور کہا کہ امریکہ نے ہی، دہشت گرد گروہ داعش کو جنم دیا ہے جو لوگوں کو زندہ جلا دیتا ہے اور عورتوں، بچوں اور بیماروں پر بھی رحم نہیں کرتا- آیت اللہ جنتی نے یمن پر ہونے والے سعودی عرب کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ آل سعود حکومت، فرعون وقت ہے اور مظلوموں کی سرکوبی میں ہمیشہ اس کا کردار رہا ہے- انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے امید ظاہر کی کہ حرمین شریفین پر آل سعود کا تسلط جلد ختم ہوجائے گا- انھوں نے حضرت امام حسین (ع) کے یوم ولادت باسعادت اور ایران میں یوم پاسدار کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) پوری تاریخ میں عزت، طاقت، شہادت و شجاعت کی علامت رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button