سانحہ صفورا میں ملوث 4تکفیری دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ صفورا میں ملوث 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ نواب شاہ پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین کے کانوکیشن میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سانحہ صفورا کی تحقیقات میں پیشرفت ہو رہی ہے، پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں نے تفتیش کے بعد اس واقعہ میں ملوث چار دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، جلد ہی واقعہ میں ملوث دیگر دہشتگروں کو بھی پکڑ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار چاروں دہشتگرد واقعے کی سازش کی تیاری اور اس کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے، جبکہ دہشتگردوں نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورا میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کیلئے سندھ حکومت، پولیس اور دیگر ادارے دن رات کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ کے قریب دہشت گردوں نے اسماعیلی برادری کی بس میں گھس کر فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں 17 خواتین سمیت 46 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔