سعودی و امریکی ایما پر صدر مرسی کی سزائے موت مسلمانوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، علامہ راجہ ناصرعباس
شیعت نیوز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے مصر کے معزول صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمین کے 100 سے زائد افراد کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی قراد دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، سعودیہ اور ایک فوجی آمر مصری عدالت کے ذریعے محمد مرسی اور ان کے ساتھیوں کو موت کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ اس خطے میں سعودیہ اور امریکہ اسلامی سیاسی قوت کو دبانے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ سعودیہ ایک طرف تو یمن میں مظلوم نہتے لوگوں پر ننگی جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب مصر میں ایک آمر کی حمایت میں عدل و انصاف کے تقاضوں کو اپنی شہنشاہیت اور سامراجی مقاصد پر قربان کرنے میں مصروف ہے، اس سے سعودیہ کا دوہرا معیار اور منافقانہ طرز عمل کھل کر سامنے آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت مسلمانوں کی سیاسی قوت کو اپنے مفادات کا دشمن سمجھتی ہے، اس لئے وہ مسلمان ممالک میں ابھرنے والی سیاسی عوامی تحاریک کے خلاف کارروائی میں پیش پیش ہے۔ دنیا بھر میں امت مسلمہ کے زوال کا باعث سعودی و امریکی گٹھ جوڑ ہے۔ امریکی ایما پر صدر مرسی کو سنائی جانے والی سزائے موت مسلمان حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔