پاکستان

دہشتگردوں کے معاونین کالعدم تنظیموں کی صف میں موجود ہیں، ثروت اعجاز قادری

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کالعدم اور نام بدل کر کام کرنیوالی تنظیموں کی نقل وحمل پر پابندی کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ہے، دہشتگردوں کے معاونین کالعدم تنظیموں کی صف میں موجود ہیں، سانحہ صفورا گوٹھ کے ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا تو مزید دہشتگردی کے خطرات منڈلاتے رہیں گے، کراچی میں دہشتگردی کے پس پشت را کے ہاتھ کو خارج قرار نہیں دیا جاسکتا، اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کو ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پر عزم اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، سانحہ صفورا گوٹھ پاکستان کے خلاف عالمی سازش ہے، پاکستان کے دشمنوں کو انہی کی زبان میں جواب دینا ہوگا، دہشتگرد عورتوں، بچوں، بے گناہ شہریوں کو قتل کرتے وقت کوئی رحم نہیں کرتے تو ان کے ساتھ بھی کوئی رعایت نہیں کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر مرکزی رابطہ کمیٹی اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں، اسماعیلی کمیونٹی پر حملہ ملک کی معیشت اور کراچی کے امن پر حملہ ہے، اب سخت فیصلے کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سیاسی مصلحت سے بالاتر ہو کر ملک کے مفاد میں کارروائی کو یقینی بنایا جائے، پاکستان کی سلامتی کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے، دہشتگردوں کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالوں کو دہشتگردوں کے خلاف فری ہینڈ دیا جائے، سیاسی دباؤ اور مصلحت پسندی کو ملک کے مفاد پر قربان کرکے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button