پاکستان

یمن معاملے پر پاکستان بند گلی میں نہیں ہے’ اعتزاز احسن

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے یمن کی صورتحال کو انتہائی احتیاط کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یمن تنازعے میں بندگلی کی سی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑرہا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر سعودی عرب کی حمایت نہ کرنے سے پاکستان دشمن کیمپ میں شمار ہوگا، تو انہوں نے کہا کہ ’’نہیں ایسی صورتحال نہیں ہے کہ آپ ہمارے ساتھ ہیں یا ہمارے خلاف۔‘‘

سینیٹر اعتزاز احسن جو ان دنوں پاک امریکا پارلیمانی فورم کے پہلے اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن کے دورے پر ہیں، انہوں نے یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستانی پارلیمنٹ نے دو واضح پیغامات دیے تھے، اول یہ کہ ایسی کسی صورتحال میں جہاں مسلمان مسلمان سے جنگ لڑ رہے ہوں تو پاکستان اپنی غیرجانبدار حیثیت برقرار رکھے گا، لیکن اگر سعودی عرب یا دونوں مقدس شہروں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو پھر پاکستان زیادہ فعال کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’اس میں بالخصوص او آئی سی کے بینر تلے اپنے فوجیوں کو بھیجنا بھی شامل ہے۔ پاکستان کو اسے ایران عرب تنازعے کے طور پر دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ’’پاکستان صرف سخت اور مؤثر سفارتکاری کرسکتا ہے۔ یہ صورتحال نہ ہمارے حق میں ہے نہ ہمارے خلاف۔ لیکن اگر سعودی عرب کو خطرہ لاحق ہوا تو پھر یہ صورتحال تبدیل ہوجائے گی۔‘‘

عرب میڈیا کی رپورٹوں کا حوالے دیتے ہوئے ان سے کہا گیا کہ بعض پاکستانی اراکین پارلیمنٹ نے اس بحث کے دوران سعودی عرب کا مذاق اُڑایا تھا، تو سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا، کہ انہوں نے کہا تھا ’’پارلیمنٹ آزادی اظہارِ رائے کا ایک فورم ہے، اور ہر قسم کا نکتہ نظر پیش کرنے اس میں آزادی ہے۔‘‘

تاہم پارلیمنٹ نے ایک واضح اور مجموعی رائے دی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button