مشترکہ اجلاس محض دکھاوا، فوج بھیجنے کا فیصلہ آرمی چیف اور کور کمانڈرز نے کرنا ہے، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ یمن کی صورت حال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس محض دکھاوا ہے فوج بھیجنے کا اصل فیصلہ تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کور کمانڈرز نے کرنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے اپنی طرف دیکھنا چاہیئے، آج تک ملک میں مذہبی لانڈرنگ کا کوئی مجرم نہیں پکڑا جا سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے اور اگر سعودی عرب کو خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان کا بچہ بچہ میدان میں ہو گا لیکن قوم کو خواہ مخوا یمن کے مسئلے میں الجھایا جا رہا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یمن کی صورت حال پر بلایا جانے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس محض ایک فوٹو سیشن ہے، نااہل حکومت جمہوریت کی چھتری کے نیچے قوم کو بیوقوف بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج بھیجنے سے متعلق اصل فیصلہ تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کور کماندڑز نے کرنا ہے۔ تحریک انصاف کے اراکین کی پارلیمنٹ میں واپسی سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ عمران خان صرف 7 سیٹوں کیلئے لڑرہے ہیں اور 35 بیٹھے کبوتر اڑا رہے ہیں۔