پاکستان

دہشتگردوں کے مکمل خاتمہ تک ملک میں حقیقی امن کا قیام ممکن نہیں، علامہ عارف واحدی

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ فرقہ واریت پھیلانے والے پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں، ملکی استحکام اور اُمہ کی سربلندی کیلئے اتحاد ضروری ہے، انتہا پسندی و دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور گوجرانوالہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور کراچی آرام باغ میں صالح مسجد کے باہر بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعات میں ملوث افراد کا سراغ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ اسلام میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی ان دہشت گردوں کا امن و آشتی کے مذہب سے کوئی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کا درس دیا اور ہم اسی سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں کیونکہ ملک کے استحکام اور اسلام کی سربلندی کیلئے اتحاد امت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں ہونیوالی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے نتیجہ میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ملک و ملت کیلئے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہداء کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا۔ سیکورٹی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہوچکے ہیں، سیکورٹی اداروں کو چاہیے کہ ملک میں بیلنس پالسیی ترک کرکے ملک میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجہ میں جکڑیں، ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو تیز کرتے ہوئے ضرب عضب کا دائرہ وسیع کیا جائے اور ان دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے جو ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان دہشتگردوں کے مکمل خاتمہ تک ملک میں حقیقی معنوں میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button