دنیا

داعش نے بوکو حرام کی وفاداری قبول کرلی، افریقی عوام بوکوحرام کا ساتھ دیں، داعش کی اپیل

عراق اور شام میں شدت پسند دہشت گرد تنظیم دولتِ اسلامیہ (داعش) کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کردہ ایک صوتی پیغام کے مطابق تنظیم نے نائجیریا کے شدت پسند گروہ بوکوحرام کی جانب سے وفاداری کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ اس غیر مصدقہ پیغام میں داعش کے ایک ترجمان کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ خلافت کے نفاذ کا دائرہ اب مغربی افریقہ تک پھیل گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے بوکو حرام نے وفاداری کا اعلان ٹوئٹر پر تنظیم کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کے اکاؤنٹ سے جاری کیے جانے والے ایک آڈیو پیغام میں کیا تھا۔ داعش کے ممکنہ صوتی پیغام میں ایک شخص اپنا تعارف تنظیم کے ترجمان محمد العدنانی کے طور پر کرواتا ہے اور کہتا ہے کہ ہم خلافت کی مغربی افریقہ تک پھیلاؤ کی اچھی خبر سنا رہے ہیں کیونکہ خلیفہ نے ہمارے برادر سنّی گروپ کی جانب سے تبلیغ اور جہاد کے لیے وفاداری کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ پیغام میں مسلمانوں سے مغربی افریقہ میں شدت پسندوں کا ساتھ دینے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ تاحال آزاد ذرائع سے اس پیغام کی اصلیت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس ایک ویڈیو پیغام میں بوکوحرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ نے دولتِ اسلامیہ کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو خلیفہ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button