حکومت کی سیکورٹی انتظامات پر عدم توجہی کیوجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں، سیرت عباس
شیعت نیوز: شیعہ سیفٹی کے سیکرٹری جنرل سیرت عباس نے کہا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے، تاہم عدم توجہی کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ خصوصاً خیبر پختونخوا میں دہشت گردانہ کارروائیوں روز بروز بڑھ رہی ہیں، سیاسی جماعتوں کو آپسی اختلافات اور جھگڑوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا، پی ٹی آئی کے حالیہ بیان کہ جس میں شیریں مزاری نے وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر وفاقی حکومت بروقت سکینرز فراہم کر دیتی تو آرمی پبلک سکول اور امام بارگاہوں پر ہونے والے حملوں کو ناکام بنایا جاسکتا تھا، پر سیکرٹری جنرل شیعہ سیفٹی نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شیرین مزاری کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل شیعہ سیفٹی کا کہنا تھا کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو کر اپنے تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ شیعہ سیفٹی پاکستان وطن عزیز میں ملت ملت اسلامیہ کے بہتے خون پر صرف آنسو بہانے کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، جس کا مظاہرہ پاکستان بھر میں شیعہ سیفٹی پاکستان کی جانب سے امام بارگاہوں اور مساجد میں نصب کردہ سیکیورٹی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ سسٹمز ہیں، اس سلسلے میں امامیہ مسجد حیات آباد پشاور میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائینگے۔ شیعہ سیفٹی کی جانب سے نصب کئے جانے والے سیکیورٹی سسٹم میں سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈی ٹیکٹرز اور کمیونیکیشن آلات شامل ہیں۔ سیرت عباس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شیعہ سیفٹی جلد پاکستان بھر میں ایسے مزید سیکیورٹی سسٹمز کی تنصیب کو یقینی بنائے گی۔