پاکستان

امریکہ، اسرائیل اورسعودی عرب نے مل کر داعش بنائی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں سنی جماعتوں کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان اور داعش تکفیری اور خارجی ٹولہ ہے، قوم دہشت گردوں کے خلاف اعلانات نہیں عملی اقدامات چاہتی ہے، داعش، القاعدہ اور طالبان جیسی تنظیمیں امریکہ نے اسلام کو بدنام اور مسلمانوں کو کمزور کرنے کیلئے بنائی ہیں، سینیٹ الیکشن میں 63,62 پر عمل نہیں ہوا، اسمبلیوں میں بیٹھے 80 فیصد ممبران صادق اور امین نہیں ہیں۔ اہل سنّت آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے، قوم کو صرف پاک فوج پر مکمل اعتماد ہے، سیاست کرپشن اور پیسے کا کھیل بن چکی ہے، ریاستی رٹ بحال کرنا صرف پاک فوج کی ذمہ داری نہیں حکومت بھی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاک فوج اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکمرانوں کے محاصرے اور محاسبے کیلئے قوم اٹھ کھڑی ہو، سیاسی تاجروں نے جمہوریت کو عام آدمی کیلئے بانجھ بنا دیا ہے، عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں، قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں تاخیر افسوس ناک ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اونچے ایوان میں نیچی حرکتیں کی گئیں، پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، دہشت گرد اسلام اور مسلمانوں کے بد ترین دشمن ہیں، نا اہل حکمران پاکستان کے خلاف ہونے والی بیرونی سازشوں کا توڑ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، حکمران اپنی حرکتوں سے جمہوریت کی قبر کھود رہے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاک ایران گیس منصوبہ فوری تکمیل کا متقاضی ہے، حکومت امریکی ناراضگی کی پرواہ کئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرے تاکہ توانائی کا بحران ختم ہو سکے۔ امریکہ، اسرائیل اور ایک اسلامی ملک نے مل کر داعش بنائی ہے، عام آدمی کے حالات تبدیل کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ تین تین مرتبہ اقتدار میں آئیں لیکن ہر بار عوام کو مایوس کیا۔ پاکستان میں سیاست کا مطلب اقرباء پروری ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button