پاکستان

تحریک طالبان کے گروپ جماعت الاحرار نے لاہور دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی

لاہور کے علاقہ قلعہ گجر سنگھ میں پولیس لائنز کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ذیلی گروپ جماعت الاحرار نے قبول کر لی ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ خودکش حملہ آپریشن ضرب عضب کا ردعمل ہے۔ دوسری جانب سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردانہ حملہ ہونے کی اطلاعات تھیں جس کے باعث پورے شہر میں ریڈ الرٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پولیس لائنز میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث اسے کامیابی نہیں ملی۔ امین وینس نے کہا کہ لاہور پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا، دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ مزید حملوں کا بھی خدشہ ہے لیکن پولیس بیدار ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button