پاکستان

ایئرپورٹ حملہ کیس، فضل اللہ اور شاہداللہ شاہد سمیت 8 ملزمان اشتہاری قرار

عدالت نے ائیر پورٹ حملہ کیس میں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ائیر پورٹ حملہ کیس میں نامزد مفرور ملزمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ ،شاہد اللہ شاہد سمیت 8ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ استغاثہ کے مطابق پولیس کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملا فضل اللہ ، کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت دیگر مفرور ملزمان کی تصاویر اخبارات میں شائع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی جائید بھی ضبط کرلی گئی ہے جبکہ گرفتار 3ملزمان سرمد صدیقی ،ندیم عرف برگر عرف ملا اور آصف ظہیر پر آئندہ سماعت 31جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔پیر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھو سو نے ائیر پورٹ حملہ کیس میں گرفتار کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارکنان سرمد صدیقی ،ندیم عرف برگر عرف ملا اور آصف ظہیر کے مقدمے کی سماعت کی ۔اس موقع پر تینوں ملزمان فاضل عدالت میں موجود تھے ۔مقدمے کی سماعت کے دوران مقدمے کے تفتیشی آفیسر انسپکٹر طارق قیوم نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم پر مقدمہ میں نامزد مفرور ملزمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ اور ترجمان شاہد اللہ شاہد ،ملک ممتاز اعوان ،عاصم شریف ،اختر پلمبر ،اقبال ٹھیکیدار ،عبداللہ بلوچ اور عبد الرشید صدیقی کے خلاف ضابطہ فوجداری ایکٹ کی دفعات 87 اور88(جائیداد کی ضبطی اور اشتہاری قرار دینے)کے تحت کارروائی کردی گئی ہے اور ملزمان کی تصاویر اخبارات میں شائع کردی گئی اور ملزمان کی جائید اد بھی ضبط کرلی گئی ہے لہذا ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائے ۔عدالت نے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے گرفتار ملزمان کو مقدمہ کی نقول فراہم کردیں۔ ملزمان پر الزام ہے کہ وہ 8اور 9جون 2014کی درمیانی شب اولڈ ائیر پورٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے اور ایئر پورٹ حملے میں رینجر ،پولیس اور اے ایس ایف اہلکاروں سمیت26افراد ہلاک اور35افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ 10دہشت گرد بھی مارے گئے تھے ۔ملزمان کے خلاف تھانہ ائیر پورٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال خان کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button