پاکستان

فرقہ وارانہ قتل و غارت میں ملوث 18 مفرور دہشتگردوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنیکی تیاری مکمل

فرقہ وارانہ دہشتگردی میں ملوث 18 مفرور دہشتگردوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہیں، حساس ادارے کی جانب سے دہشتگردوں کی فہرست جلد وزارت داخلہ کو ارسال کر دی جائے گی۔ دہشتگردوں کو پاکستان سمیت بیرون ملک کسی بھی پاکستانی سفارت خانے سے پاسپورٹ جاری نہیں ہوسکیں گے، دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے فہرست انٹر پول کو بھی ارسال کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں، حکومت ایک جانب پاکستان کی جیلوں میں قید سزا یافتہ دہشتگردوں کو پھانسی کے تختے پر لٹکا رہی ہے تو دوسری جانب آزاد فضا میں دندناتے پھرنے والے دہشتگردوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جانا شروع کر دیا گیا ہے۔ فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث ایسے مفرور دہشتگرد جن کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشتگردی کیلئے منظم گروہ چلا رہے ہیں، ایسے دہشتگردوں کے پاسپورٹ منسوخ کئے جا رہے ہیں۔ دہشتگردوں کو پاکستان سمیت بیرون ملک کسی بھی پاکستانی سفارت خانے سے پاسپورٹ جاری نہیں ہوسکیں گے جبکہ ان کے نام اور بنیادی معلومات کی فہرستیں انٹر پول کو ارسال کی جائیں گی، جس کی مدد سے ان کی گرفتاری عمل میں آسکے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 18 ایسے دہشتگردوں کے پاسپورٹ منسوخ کئے جا رہے ہیں جو کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں اور اضلاع میں فرقہ وارانہ تنظیموں اور گروپوں کو چلا رہے ہیں اور بیرون ملک سے ان کو مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button