عراق

آیت اللہ سیستانی کا شیخ علی سلمان کی گرفتاری پر احتجاج

رپورٹ کے مطابق آیت اللہ العظمی سیستانی نے آج عراق میں بحرین کے سفیر صلاح المالکی کو شیخ علی سلمان کی گرفتاری پر اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر شیخ ہمام حمودی نے بحرین کے سفیر کو آیت اللہ سیستانی کا احتجاجی پیغام پہنچایا اور بحرینی سفیرنے بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ اس پیغام کو اپنے ملک کے حکام تک پہنچا دیں گے۔ آیت اللہ سیستانی نے اپنے پیغام میں تاکید کی ہے کہ بحرین کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں جمعیت الوفاق کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام شیخ علی سلمان کی گرفتاری اس ملک کے مفاد اور مصلحت میں نہيں ہے اور انھیں جلد سے جلد رہا کردینا چاہئے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعیت الوفاق کے جنرل سکریٹری شیخ علی سلمان کو اتوار کے دن گرفتار کیاگیا تھا اور دو دنوں تک تفتیش کے بعد انھیں مزید سات دنوں کےلئے حراست میں لے لیاگیا۔ شیخ علی سلمان کی گرفتاری پر بحرین اور علاقے کے دوسرے ملکوں میں علماء اور عوام سمیت دینی تنظیموں اور قانونی اداروں نے احتجاج اور مظاہرہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button