لبنان

لبنان میں خلیفہ بغدادی کی اہلیہ جنرل سکیورٹی کے حوالے

شیعیت نیوز{مانیٹرنگ ڈسیک}لبنان کی ایک فوجی عدالت نے دہشت گردتنظیم(داعش) کے خلیفہ ابوبکرالبغدادی کی سابقہ اہلیہ کو ملک کی جنرل سکیورٹی کے حوالے کردیا ہے۔
العربیۃ نیوزکے مطابق جنرل سکیورٹی سجی حمید الدلیمی کے ملک میں داخلے کی قانونی حیثیت اور لبنان میں موجودگی کا جائزہ لے گی۔سجی حمید کو اسی ماہ کے آغاز میں بیٹی اور دہشت گردداعش کے ایک اور سرکردہ کمانڈر ابو علی الشیشانی کی اہلیہ سمیت شامی سرحد سے لبنان کے علاقے میں داخلے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
اس بچی کے ڈی این اے ٹیسٹ سے اس کے خلیفہ ابوبکر بغدادی کی بیٹی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔لبنانی وزیرداخلہ نہاد المشنوق نے گذشتہ جمعرات کو بتایا تھا کہ ”اس بچی کی زیر حراست ماں کی چھے سال قبل داعش کے خلیفہ ابوبکرالبغدادی سے شادی ہوئی تھی اور ان کی شادی صرف تین ماہ برقرار رہی تھی۔اس کے بعد ان کے درمیان علٰیحدگی ہوگئی تھی”۔
ان کے بہ قول:”لبنانی حکام کے زیر حراست سجی الدلیمی اس وقت ابوبکر البغدادی کی بیوی نہیں ہے۔اس خاتون کی تین شادیاں ہوئی تھیں۔پہلی شادی سابق عراقی حکومت کے ایک عہدے دار سے ہوئی تھی اور اس سے اس کے دو بیٹے ہیں۔اب اس کی شادی ایک فلسطینی مرد سے ہوئی ہے اور وہ اس کے بچے کی ماں بننے والی ہے”۔
لبنانی وزیر کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اس خاتون اور اس کی بیٹی کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے ہیں جس سے ان کے ماں بیٹی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔اس کے علاوہ عراق سے موصول ہونے والے ابوبکر البغدادی کے ڈی این اے کے نموںے سے اس بات کی بھی تصدیق ہوگئی ہے کہ زیر حراست بچی ان کی حقیقی بیٹی ہے”۔سجی الدلیمی کے ساتھ گرفتار کیے گئے اس کے دونوں بیٹوں اور اس بچی کو اب ایک چائیلڈ کئیر مرکز میں رکھا جارہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button