پاکستان

ملک مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے،علامہ ساجد علی نقوی

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ ملک انتہائی نامساعد حالات کا شکار ہے، سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل مذاکرات سے حل کئے جانے چاہئیں، ملک مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سیدساجد علی نقوی نے کہاکہ اس وقت ملک انتہائی نامساعد حالات کا شکارہے ،ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، عام کاشتکار، کسان سے لے کر بزنس مین تک سب پریشان حال ہیں جبکہ امن وامان کی صورتحال بھی بہتر نہیں ہے ملک میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے، علماء، وکلاء، ججز اور بے یارو مددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ، ایسے حالات میں ملک مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اس لئے سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مسائل کا مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور عوام کو انصاف فراہم کرے مگر افسوس یہاں زندگیاں بیت جاتی ہیں مگرانصاف میسر نہیں آتا معاشرہ اسی وقت صحیح معنوں میں ترقی کی جانب بڑھ سکتاہے جب انصاف کی فراوانی اور ہر شخص کو اس حق مل رہاہو ۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہاکہ جمہوری انداز اور آئین و قانون کے دائرے میں احتجاج ہر شخص کا بنیادی حق ہے اور اس حق سے اسے کوئی محروم نہیں کرسکتا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button